لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان ہونے کے دعویدار تسنیم حیدر نے دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ختم ہوگئی جس کے رہنما ایک سے دو ہفتوں میں گرفتار ہوجائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک حالیہ انٹرویو کے دوران تسنیم حیدر نے کہا کہ میرے پاس اپنے دعووں کے ثبوت موجود ہیں کہ میں ن لیگ کی اس میٹنگ میں موجود تھا جس کے دوران ارشد شریف کے قتل کی منصوبہ بندی کی گئی۔
سیاسی جنازہ نکل چکا، چیخیں بلاول کی پریس کانفرنس میں واضح تھیں، شیخ رشید
انٹرویو کے دوران تسنیم حیدر نے کہا کہ جب انجم چوہدری نے کہا کہ ہمارے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ اس کا قتل کروا دیں جس سے میاں صاحب (سابق وزیر اعظم نواز شریف) نے تمام ن لیگی کارکنان کے سامنے اتفاق کیا اور مجھ سے بھی یہی سوال پوچھا گیا۔
تسنیم حیدر نے کہا کہ مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ کیا کہتے ہیں، میں نے کہا کہ سیدھے رستے سے انٹری لینے سے ہماری فتح ہوجانی تھی۔ قتل کیس میں نواز شریف، مریم نواز، ناصر بٹ اور قتل کی منصوبہ بندی میں شریک ن لیگی کارکنان کو گرفتار ہونا چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں تسنیم حیدر نے کہا کہ مریم نواز اجلاس کے دوران موجود نہیں تھیں تو کہا گیا کہ مریم اپنا پاسپورٹ لے کر آجائے تو پھر ہم یہ کام کریں گے۔ ناصر بٹ آئے تھے، کہا 12 اکتوبر کو میری بات ہوگئی ہے اور سختی سے ارشد شریف کا کام تمام کرنے کا کہا گیا ہے۔
الزامات عائد کرتے ہوئے تسنیم حیدر نے کہا کہ مجھے وارننگ دی گئی ہے کہ آپ کی فیملی کو خطرہ ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو پتہ ہے کہ میرے پاس پکے ثبوت ہیں۔ مجھے زلفی بخاری نے کوئی ہدایات نہیں دیں۔ ایک ریسٹورنٹ میں کھانا کھانے گیا تو کسی نے تصویر بنا لی۔
انہوں نے کہا کہ میری زلفی بخاری کے والد کے ساتھ اب بھی بات چیت ہوتی ہے کیونکہ میں انجمنِ سادات کا چیئرمین ہوں جو 150 ممالک میں کام کرتی ہے۔ زلفی بخاری کے والد سے رابطہ بطور سیّد اور بطور چیئرمین ہوتا ہے۔میرے دعوے 100 میں سے 200 فیصد سچے ہیں۔
میرے دعوے جھوٹے نہیں ہوسکتے۔ تسنیم حیدر نے کہا کہ میرے حساب سے ن لیگ ختم ہوگئی ہے۔ ایک دو ہفتوں میں گرفتاری کرا دیں گے اور یہ مان بھی جائیں گے۔ یہ برطانیہ ہے، پاکستان نہیں۔ میں کہتا ہوں کہ یہ دو منٹ میں مان جائیں گے۔ میں انہیں ارشد شریف کا قاتل سمجھتا ہوں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








