عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان 300کنال اراضی کیلئے جعلسازی کے کیس میں نامزد

تازہ ترین

تازہ ترین

فیصل آباد: محکمۂ اینٹی کرپشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ عظمیٰ خان کو 300 کنال اراضی کیلئے جعلسازی کے کیس میں نامزد کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عظمیٰ خان پرالزام ہے کہ انہوں نے 300 کنال کی قیمتی اراضی جعلسازی کے ذریعے اپنے نام منتقل کروائی۔ اینٹی کرپشن فیصل آباد نے عمران خان کی ہمشیرہ سمیت 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں:

  عمران خان کے سابق معاونِ خصوصی کے وارنٹ گرفتاری جاری

مقدمے کے متن میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ عظمیٰ خان نے چک نمبر 7/2 اور چک نمبر 11/2 تھل جنوبی میں جعلسازی اور دھوکہ دہی سے 300 کنال کی زمین اپنے نام کروائی۔ اینٹی کرپشن پولیس نے مقدمے کے ساتھ کارروائی شروع کردی۔

پولیس نے پٹواری اور نائب تحصیل دار کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات سنگین ہیں جبکہ مقدمے میں اراضی ریکارڈ سینٹر کا عملہ، پٹواری، تحصیلدار اور نائب تحصیل دار سمیت 9افراد نامزد ملزمان ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وزارتِ عظمیٰ دور کے سابق معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی ذلفی بخاری کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔ 

 ذلفی بخاری کے وارنٹ گرفتاری 2 روز قبل جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے جاری کیے۔ حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف تھانہ گولڑہ میں انسدادِ دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

Related Posts