اسلام آباد: سپریم کورٹ نے تحریکِ انصاف پر پابندی عائد کرنے کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی ہے جو استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے عدالت میں جمع کرائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق جہانگیر خان ترین کی جماعت استحکامِ پاکستان پارٹی کے عہدیدار عون چوہدری نے سپریم کورٹ سے استدعا کی تھی کہ تحریکِ انصاف پر پابندی عائد کی جائے۔ درخواست پر اعتراض سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے عائد کیا۔
عون چوہدری کی تحریکِ انصاف پر پابندی کیلئے درخواست دائر
پی ٹی آئی پر پابندی کی درخواست پر اعتراض عائد کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کا کہنا ہے کہ درخواست گزار نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا جبکہ درخواست میں وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیرِ دفاع خواجہ آصف کو فریق نہیں بنایا جاسکتا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے ذاتی حیثیت میں تحریک انصاف پرپابندی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔
عون چوہدری کی جانب سے 5 روز قبل دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سرگرمیاں خلاف قانون ہیں۔ پی ٹی آئی کی قیادت کی طرف سے قومی اداروں اور شہدا کی یادگاروں پرحملے کیے گئے۔
دائر کردہ درخواست میں ریاست اور ملکی اداروں کیخلاف سرگرمیوں کی بنیاد پر پی ٹی آئی پر پابندی عائد کرنے کی استدعا کی گئی۔ عون چوہدری کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بھی پیٹیشن دائر کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








