سولر پینلز لگاؤ مگر عوام کے سر پر نہ گراؤ، حکومت کی نئی گائیڈ لائنز

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پنجاب میں حالیہ آندھی اور طوفانی موسم کے دوران سولر پینلز کی تنصیب سے ہونے والے حادثات نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو متحرک کر دیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے انرجی، لوکل گورنمنٹ، اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سولر پینلز کی تنصیب کے لیے باقاعدہ قواعد و ضوابط مرتب کریں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق، حالیہ طوفانی ہواؤں کے دوران پیش آنے والے 70 فیصد حادثات سولر پینلز یا ان سے منسلک تنصیبات کی وجہ سے ہوئے، جو غیر معیاری طریقے سے نصب کیے گئے تھے۔ کھلے ڈھانچوں یا چھتوں پر لگائے گئے پینلز جب حفاظتی اقدامات کے بغیر لگائے جائیں تو وہ آندھی میں پولز سے گر کر حادثات کا باعث بنتے ہیں۔

ڈی جی کاٹھیا نے زور دیا کہ آئندہ سولر پینلز کی تنصیب کو باقاعدہ سرٹیفائیڈ اور معیاری بنایا جائے تاکہ اس قسم کے خطرات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں پہلے سے نصب شدہ پینلز اور ان کے ڈھانچوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور ان کی درستگی اور حفاظت کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی جائیں۔

مزید برآں، پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو مرمت، جانچ پڑتال اور باقاعدہ انسپکشن کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ریگولیٹری گائیڈ لائنز جاری کی جائیں تاکہ سولر پینلز کی تنصیب ایک محفوظ، مستحکم اور دیرپا عمل بن سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ ان اقدامات کا مقصد مستقبل میں انسانی جان و مال کو ممکنہ نقصانات سے بچانا اور صوبے میں محفوظ توانائی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

Related Posts