سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران بھارتی ایجنٹ انسپانسرڈ دہشت گرد گروپ “فتنۃ الخوارج” کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن بدھ کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کارروائی کا ہدف بھارتی سرپرستی میں چلنے والے گروپ “فتنۃ الخوارج” کے شدت پسند تھے جو اس علاقے میں موجود تھے۔
آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 13 خوارج ہلاک ہوگئے۔ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ گروہ مختلف دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا، جن میں دسمبر 2023 کے درابن خودکش حملے میں سہولت کاری، سرکاری اہلکاروں اور معصوم شہریوں کا اغوا اور ٹارگٹ کلنگ شامل ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ تمام چھپے ہوئے دہشت گردوں کا صفایا کیا جاسکے۔ سیکیورٹی فورسز پاکستان سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
اس سے قبل ترجمان پاک فوج نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ 13 اور 14 ستمبر کو خیبر پختونخوا میں کی گئی دو انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں اسی دہشت گرد گروپ کے 31 دہشت گرد مارے گئے تھے۔ ان آپریشنز میں بھی “فتنۃ الخوارج” کے شدت پسندوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








