ننگررہار :پاک افغان سرحد پر واقع افغان مشرقی صوبہ ننگرہار میں خودکش کاربم دھماکہ میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 32 دیگر زخمی ہوگئے۔
جاں بحق و زخمیوں میں افغان شہری بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔ افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتہ کے روز دوپہر12 بج کر 20 منٹ پر صوبہ ننگرہار کے ضلع غنی خیل میں ضلعی ہیڈکوارٹر پر ایک خود کش کاربم دھماکہ کی زدمیں آکر کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے۔
صوبائی ترجمان عطا ء اللہ کوگیانی کے مطابق دھماکہ کے بعد کئی خودکش بمباراور مسلح حملہ آوروںنے ضلعی ہیڈکوارٹر کے دفاتر میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے جوابی فائرنگ کرکے حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
عطاء اللہ خوگیانی کے مطابق دھماکہ میں15 افراد جاں بحق اور 32 زخمی ہوگئے جبکہ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان طارق آریان کے مطابق دھماکہ میں13 افراد جاں بحق اور38 زخمی ہوگئے۔
ادھر صوبہ ننگرہار کے رکن صوبائی کونسل عبیداللہ شینواری کے مطابق دھماکہ میں جاں بحق افراد میں 8 افغان شہری بھی شامل ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ بھی ظاہرکیا ہے۔دھماکہ کے وقت آسمان پر دھوئیں کے بادل نظرآنے لگے ۔
بعض اطلاعات کے مطابق دھماکہ کے وقت مقامی افراد قریبی مسجد میں نمازظہراداکرنے کی تیاری کررہے تھے کہ دھماکہ ہوگیا۔
ترجمان کے مطابق دھماکہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرلیا جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔فوری طورپر کسی تنظیم نے دھماکہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔