راولپنڈی:آر اے بازار پولیس نے اہم کاروائی کرتے ہوئے 18سالہ لڑکی کو اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم راشد علی کواس کے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ لڑکی کے اغواء کامقدمہ مغویہ کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، زیادتی کا شکار لڑکی کی والدہ کے مطابق راشد علی نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ میری بیٹی کو اغواء کیاتھا، جبکہ راشد علی نے زیادتی کا نشانہ بھی بنایا۔
سی پی او محمد احسن یونس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار سید علی کو ملزمان کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا، ایس پی پوٹھوہار کی زیرنگرانی ایس ڈی پی او کینٹ، ایس ایچ او آر اے بازار اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔
ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے لڑکی سے زیادتی کرنے والے ملزم راشد علی اور اسکے ساتھی ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا، ملزم راشد کے ساتھی ملزم کو شناختی پریڈ کے لئے جیل بھجوایا جا رہا ہے جبکہ تیسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کا میڈیکل کروایا گیا ہے جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کا تحرک کیا جا رہا ہے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، تمام ملزمان کو اس جرم کی سخت سزا ملے گی۔