کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں مبینہ طور پر پولیس مقابلہ ہوا جس کے بعد پولیس نے 2 زخمیوں سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے در محمد گوٹھ میں ڈبل روڈ کے قریب پیش آیا جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر گولیاں برسائیں جس کے جواب میں پولیس کی طرف سے بھی فائرنگ کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ڈاکو زخمی ہوگئے جنہیں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔مجموعی طور پر 3ڈاکوگرفتار ہوئے۔
زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد مہیا کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
گرفتار ڈاکوؤں کا گروہ شہری سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہا تھا۔ گشت پر مامور پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ، چھینے گئے موبائل فونز، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے زیرِ استعمال چوری کی گئی 2 موٹر سائیکلز بھی تحویل میں لے لیں۔
ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ گرفتار ملزمان ساجد چانڈیو، روشن علی اور امیر جان کا کریمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔ برآمدہ اسلحہ فارنزک کیلیے بھیجا جائے گا۔
ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں واقع نیازی کالونی میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے ضلع شرقی میں پولیس مقابلہ ہوا جس کے بعد 1 ڈاکو فرارہوگیا جبکہ پولیس نے دوسرے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔
گزشتہ روز یہ واقعہ تھانہ عزیز بھٹی کے علاقے ڈالمیاں روڈ پر سیمنٹ فیکٹری کے قریب پیش آیا جہاں 2 ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر واردات کی نیت سے مشتبہ حالت میں جا رہے تھے۔ پولیس نے انہیں چیکنگ کیلئے رکنے کا اشارہ کیا۔
ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کیلئے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں پولیس کی طرف سے بھی فائرنگ ہوئی۔ پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا جس کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلا۔
مزید پڑھیں: ضلع شرقی میں پولیس مقابلہ، 1 ڈاکو فرار، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








