کراچی: اہم شاہراہوں پر ٹو پلس ون اور فور پلس ون رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد

تازہ ترین

تازہ ترین

رکشوں پر پابندی
(فوٹو: ڈان)

کمشنر کراچی نے شہرِ قائد کی اہم شاہراہوں پر ٹو پلس ون اور فور پلس ون رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے۔نئی پابندی کے بعد رکشہ ڈرائیورز کیلئے شہر میں نقل و حمل کا دائرہ محدود کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کراچی کی 20 اہم شاہراہوں پر ٹو پلس ون اور فور پلس ون رکشوں کا داخلہ بند کردیا۔ رکشوں کی پابندی کے دائرے میں توسیع کرتے ہوئے مجموعی طور پر 26شاہراہوں تک پھیلا دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کی 6بڑی شاہراہوں پر فور پلس ون موٹر کیب رکشوں پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ رکشوں کی آمدورفت محدود کرنے کا یہ فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر کیا گیا جبکہ شارعِ فیصل سے آئی آئی چندریگر روڈ تک رکشوں پر پابندی فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔

دوسری جانب شہر کی20 اہم سڑکوں پر رکشوں کی آمدورفت پر پابندی 17دسمبر 2025 تک مؤثر قرار دے دی گئی ہے، جس کی خلاف ورزی پر متعلقہ ایس ایچ اوز کو دفعہ 188 کے تحت مقدمات درج کرنے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ نوٹیفکشین میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈی سیز اور محکمے ان احکامات پر فوری اور سخت عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Related Posts