کراچی: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے پہلے مرحلے میں 25 فیصد تماشائیوں کو شرکت کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ 27 جنوری سے 7 فروری تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔فیصلے کے مطابق کراچی میں شیڈول ہر میچ میں تقریباََ 8000 تماشائیوں کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں داخلے کی اجازت ہوگی۔
تاہم ان تمام تماشائیوں کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت کوویڈ 19 پروٹوکولز بنائے گئے جن کے مطابق بارہ سال سے زائد عمر کے تمام افراد کی مکمل کوویڈ 19 ویکسین ہونا لازمی ہوگا۔
اسٹیڈیم کے داخلی دروازوں پر اپنا درست ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا،اسٹیڈیم میں چہرے کو ماسک سے مسلسل ڈھانپے رکھنا لازم ہوگا،این سی او سی کی جانب سے کوویڈ 19 سے متعلق جاری کی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو اسٹیڈیم سے باہر نکال دیا جائے گا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھیل کے کسی بھی ایونٹ کی حقیقی روح اس کے تماشائی ہوتے ہیں اور اس پس منظر میں وہ اب ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے کراچی میں کھیلے جانے والے ہر میچ میں 25 فیصد تماشائیوں کی آمد کے انتظامات کو حتمی شکل دیں گے۔
سلمان نصیر نے کہا کہ پی سی بی ایک ذمہ دار ادارہ ہے اور اسے شائقین کرکٹ کی صحت اور حفاظت کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں کا مکمل ادراک ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ این سی او کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
تاہم اس سلسلے میں انہیں تماشائیوں کی جانب سے بھی غیر مشروط تعاون کی ضرورت ہوگی تاکہ وہ ایک محفوظ ماحول میں میچز سے لطف اندوز ہوسکیں۔
مزید پڑھیں: بابر اعظم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ٹی ٹوئنٹی ٹیم آف دی ایئر کیلئے کپتان مقرر
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








