راولپنڈی: آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق افغانستان سے دہشت گرد پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرتے ہیں، افغان سرزمین سے دہشتگرد سکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پاک افغان سرحد کے علاوہ سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سمبازہ (ژوب) میں 21 اپریل سے مختلف آپریشن کیے اور ایک ماہ کے دوران سیکورٹی فورسز نے 29 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 14 مئی کو میجر بابر خان نے جام شہادت نوش کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہیں، سیکورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت سے شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ عبوری افغان حکومت کوموثر بارڈر مینجمنٹ یقینی بنانے کے لیے بار بار کہا ہے، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور افغان حکومت پاکستان مخالف دہشتگرد کارروائیوں کیلئے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دےگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








