کرغزستان سے 290 پاکستانی طلبہ پہلی پرواز سے پشاور پہنچ گئے ہیں، صوبائی حکومت نے وطن واپس آنے والے طبہ کو باچا خان ائیرپورٹ پر خوش آمدید کہا۔
تفصیلات کے مطابق کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک سے خصوصی پرواز کے ذریعے 290 پاکستانی طلبہ پشاور پہنچے جنہیں خوش آمدید کہنے کیلئے صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان، ایم این اے فیصل امین گنڈا پور اور دیگر موجود تھے۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ بشکیک سے وطن واپسی کیلئے “پہلے آئیے پہلے پائیے” کے تحت ملک بھر کے طلبہ کو ترجیح دی جارہی ہے۔ مزید طلبہ کو کرغزستان سے وطن واپس لانے کیلئے دوسرا طیارہ آج اڑان بھرے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی وفاقی و صوبائی حکومتیں کرغزستان سے آنے والے پاکستانی طلبہ کیلئے متحرک ہیں۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کرغزستان میں پھنسے طلبہ کو وطن واپس لانے کیلئے شہرِ قائد میں پریس کانفرنس کے دوران اہم اعلان کیا تھا۔
آج سے 2 روز قبل کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ 3روز سے کرغزستان میں ہمارے بچے محصور ہیں، بشکیک میں پھنسے سندھ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی طلبہ کو مفت فضائی ٹکٹ دئیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس کے دوران گورنر سندھ نے کہا کہ طلبہ کے والدین اس وقت ہمارے ساتھ ہیں، اگر کرغزستان میں طلبہ و طالبات کے ساتھ صورتحال بہتر ہوتی نظر نہ آئی تو خود بشکیک جاؤں گا اور توقع ہے کہ حالات جلد بہتر ہوجائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








