ایران سے 300افراد ملک میں داخل، پاکستان ایرانی مہاجرین کی آمد کیلئے کتنا تیار ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ایران
(فوٹو: وی نیوز)

ایران میں جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی شہریوں کا انخلا جاری ہے اور بعض ایرانی شہری بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں، جن کی ابتدائی تعداد کا تخمینہ 300افراد لگایا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ایران پر حملہ اور ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے فوری طور پر ایران، خطے کے ممالک اور عالمی قیادت سے رابطے کیے اور سفارتی کوششیں شروع کیں۔

اسحاق ڈار کے مطابق ایران اور خلیجی ممالک کی فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے کئی افراد مختلف ممالک میں پھنس گئے ہیں۔ ایران میں موجود 33 ہزار سے زائد پاکستانیوں کے انخلا کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں سے 792 پاکستانی واپس پاکستان پہنچ چکے ہیں جبکہ 64 افراد آذربائیجان پہنچ گئے۔ وزیر خارجہ کے مطابق تقریباً 300 ایرانی شہری بھی پاکستان آئے ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایران میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر صوبائی حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کی گئی ہے۔ تفتان بارڈر کے ذریعے اب تک مجموعی طور پر 1979 افراد پاکستان داخل ہو چکے ہیں، جن میں 37 سفارتکار شامل ہیں۔ سرحد پر امیگریشن، سیکیورٹی اور ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت خدمات فراہم کر رہی ہیں۔

بلوچستان حکومت کے مطابق ایرانی سرحد سے آنے والے پاکستانی شہریوں، خصوصاً طلبہ کو پہلے عارضی پناہ اور خوراک فراہم کی جاتی ہے، جس کے بعد انہیں بسوں کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جاتا ہے، جہاں امام بارگاہوں میں قیام اور کھانے پینے کی سہولیات دی جاتی ہیں، اور پھر ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جاتا ہے۔ تاہم ایرانیوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے صوبائی حکومت نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ کرائسس مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے فعال ہے اور بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں خصوصی سہولت ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ پھنسے ہوئے شہریوں کو ویزا، سفری انتظامات اور دیگر سہولیات فراہم کی جا سکیں جبکہ پاکستان انسانی ہمدردی مدنظر رکھتے ہوئے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی سفیر کے مطابق گزشتہ رات نو ایرانی ملاحوں کو بحفاظت بندر عباس منتقل کیا گیا جبکہ چھ ملاح اپنی مرضی سے جہاز پر موجود رہے اور بعد ازاں بعض افراد کو پاکستان بھیجا جا رہا ہے۔ تاحال سرحد پر زیادہ تر آنے والے افراد میں پاکستانی شہری اور سفارتی عملہ شامل ہیں۔

Related Posts