غزہ : اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر بمباری ساتویں دن میں داخل ہوگئی ہے ، فضائی حملوں کے نتیجے میں مزیدچار فلسطینیوں کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 183سے تجاوز کرگئی۔
اسرائیل نے بمباری کے دوران غزہ میں حماس کے سربراہ کے گھر کو بھی نشانہ بنایاجبکہ محکمہ صحت نے تازہ حملوں میں مزید 33فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
غزہ پر پیر کے روز سے اسرائیلی حملوں میں اب تک 41 بچوں سمیت 183افراد ہلاک اور 1100 زخمی ہوچکے ہیں ، فلسطینی مسلح گروہوں نے اسرائیل پر تقریباً2300 راکٹ فائر کیے ہیں ، جس میں ایک بچے اور ایک فوجی سمیت 10 افراد ہلاک اور 560 سے زیادہ اسرائیلی زخمی ہوچکے ہیں۔
دوسر ی جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران بڑھتی ہوئی اموات پر تشویش کااظہار کیا ہے۔
سیکریٹری جنرل غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی اموات کی تعداد پرناراض ہیں جبکہ اسرائیل کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کو نشانہ بنانے پر بھی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ 7ویں روز میں داخل ہوگیا ہے لیکن اس کے تھمنے کے کوئی آثار نظر نہیں آرہے۔