کوئٹہ : پاکستان میں سرحد پار سے حملوں کا سلسلہ تھم نہ سکا،بلوچستان کے علاقے ژوب میں افغانستان سے دہشت گردوں کا حملہ،فائرنگ سے ایف سی کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے جوان بلوچستان کے علاقے ژوب میں پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مصروف تھے کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کردی فائرنگ سے ایف سی کے چار جوان شہید جبکہ چھ جوان زخمی بھی ہوئے،ایف سی کے زخمی اہل کاروں کو سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
حولدار نورزمان، سپاہی شکیل عباس ،سپاہی احسان اللہ اور نائیک سلطان شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
چند روز قبل افغانستان کے سرحدی علاقے سے دہشت گردوں کی ضلع مہمند میں فوجی چیک پوسٹ پر شدید فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان کی جانب سے ضلع مہمند کی سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کی، جس کا پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے بعد دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کا 25 سالہ سپاہی فضل واحد شہید ہوگیا۔25سالہ سپاہی فضل واحد سوات کے علاقہ شانگلہ کا رہائشی تھا۔