کراچی : پاکستانی شہری لاک ڈاون کے باعث دبئی میں پھنس گئے، بھوکے پیاسے 49افراد کے پاس پیسے بھی ختم ہوگئے ، ان متاثرین کے پاس پاسپورٹ اور پاکستان آنے کے ٹکٹ بھی موجود ہیں مگر پاکستان نے فلائٹ آپریشن ملتوی کر رکھا ہے جس کے باعث یہ لوگ دبئی میں پھنسے ہوئے ہیں۔
کراچی کے رہائشی یہ 49افراد گلوبل ولیج میں اسٹالز لگانے کیلئے گئے تھے ، ابھی کام شروع ہی ہوا تھا کہ وہاں کاروبار بند کرنے اور پھر لاک ڈاون کا حکم دے دیا گیا۔
جس کے بعد ان لوگوں نے واپسی کے لیے ٹکٹ بک کرا لیے تاہم جب انہیں واپس آنا تھا تب پاکستان سے فلائٹ آپریشن بند کر دیا گیا تھا جس کے باعث یہ لوگ تب سے ہی وہاں موجود ہیں اور رقم نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔
متاثرین نے ایک ویڈیو پیغام میں اپنی مشکلات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان, وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ہماری مدد کریں اور ہمیں اگر فوری پاکستان لانے کا انتظام نہیں ہو سکتا تو مالی امداد کی جائے تاکہ وہ یہاں جب تک قیام کریں اپنا گزر بسر کر سکیں جبکہ پاکستانی مخیر حضرات سے بھی انہوں نے مدد کی درخواست کی ہے۔