لاہور میں موٹر وے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں مرکزی ملزم عابد تاحال مفرور ہے تاہم پولیس نے 5 مزید افراد کو گرفتار کیا ہے جو عابد کے رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے قصور میں سرچ آپریشن کیا ، پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ عابد قصور میں موجود ہے جس پر پولیس افسران اور اہلکار عابد کو گرفتار کرنے پہنچے، تاہم مرکزی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔
قصور میں رات گئے سرچ آپریشن کے دوران ملزم عابد تو گرفتار نہ ہوسکا، جس پر افسران نے عابد سے رابطے رکھنے والے افراد پر تفتیش کی۔ عابد کے ایسے 5 رشتہ داروں کو گرفتار کیا گیا جو اس سے رابطے میں رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پانچوں افراد سے صوبائی دارالحکومت میں تفتیش ہوگی۔عابد کی اہلیہ بشریٰ سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل لاہور میں موٹر وے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد علی اجرتی قاتل نکلا جبکہ پولیس نے عدم ثبوت کے باعث زیرِ تفتیش 3 ملزمان کو رِہا کردیا۔
موٹر وے پر خاتون کو بچوں کے سامنے اجتماعی زیادتی کے کیس میں مرکزی ملزم عابد علی کا کریمنل ریکارڈ منظرِ عام پر آگیا ہے جس کے مطابق مذکورہ ملزم مختلف کیسز میں پہلے بھی پولیس کی حراست میں رہا۔ اجرتی قاتل کے طور پر عابد علی اشتہاری ملزمان سے بھی روابط رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: موٹر وے زیادتی کیس، مرکزی ملزم عابد علی اجرتی قاتل نکلا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








