راولپنڈی میں سرکاری اسکول کی 6 استانیاں فرائض میں غفلت برتنے پر معطل

تازہ ترین

تازہ ترین

6 government school teachers suspended in Rawalpindi for negligence

راولپنڈی: ضلعی نظامت تعلیمات نے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول ٹیکسلاکی 6خواتین اساتذہ کو مس کنڈکٹ اور فرائض میں عدم دلچسپی کے الزامات کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا۔

معطل ہونے والی خواتین اساتذہ میں 4پی ایس ٹی اور2ای ایس ٹی کیڈرکی اساتذہ شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو افسرکے اسکول کے اچانک دورے کے دوران فرائض میں مبینہ غفلت سامنے آنے پر معطل کیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈبلیو۔ای ای)نے اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن نمبر598/E-Iکے تحت مذکورہ اسکول کی ای ایس ٹی مسماۃ رخشندہ رانا کو اسکول کے اوقات کار کے دوران تدریسی فرائض کی ادائیگی کی بجائے اپنے بیٹے کی دیکھ بھال کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:طارق لطیف اسلام آباد میں پارکنگ کے غیر قانونی ٹھیکے الاٹ کرگئے

اسی طرح ای ایس ٹی مسماۃ رشیدہ بیگم کے علاوہ پی ایس ٹی مسماۃ منزہ شاہین،پی ایس ٹی مسماۃ نجمہ بی بی،پی ایس ٹی مسماۃ کرن کنول اورپی ایس ٹی مسماۃ ثانیہ کو کام چھوڑ کرآپس میں گپ شپ لگانے کے الزام میں معطل کیا گیا ہے۔

معطلی کی زد میں آنے والی تمام اساتذہ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پرڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈبلیو۔ای ای) کے دفتر رپورٹ کریں جہان ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006کے تحت کاروائی کی جائے گی جبکہ مذکورہ خواتین مروجہ قوانین کے تحت معطلی کے دوران اپنا معطلی الاؤنس وصول کر سکیں گی۔

Related Posts