پاکستان سمیت دنیا بھر میں 6 سیارے بشمول عطارد، زہرہ، نیپچون، زحل اور مشتری آسمان پر آج ایک ساتھ دیکھے جاسکیں گے جسے فلکیاتی پریڈ کا نام دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلکیات سے دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ آج غروب آفتاب کے وقت 6 سیارے نایاب ترتیب میں ایک ساتھ نظر آئیں گے جن میں عطارد، زہرہ، نیپچون، زحل، یورینس اور مشتری شامل ہیں۔
تکنیکی اعتبار سے ہمارے نظام شمسی کا سب سے بڑا سیارہ مشتری اور زحل گیسی دیو کہلاتے ہیں کیونکہ ان کی ساخت میں ٹھوس عناصر نہ ہونے کے برابر ہوتے ہیں۔ ناسا کا کہنا ہے کہ 3 سے 5سیارے ایک ساتھ نظر آنا نسبتاً عام منظر کہلا سکتا ہے تاہم 6سیارے ایک ساتھ نظر آنا یقیناً ایک نایاب منظر ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس منظر کو فلکیاتی پریڈ کا نام اس لیے دیا گیا کیونکہ زمین سے دیکھنے پر کچھ سیارے ایک ہی سیدھ میں نظر آتے ہیں، اور یہ منظر زمین سے نظر آنے والے زاویے کے باعث ایسا دکھائی دیتا ہے، چاہے حقیقت اس سے مختلف بھی ہو تاہم یہ پوزیشن زیادہ وقت تک برقرار نہیں رہتی۔
ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ تمام سیارے سورج کے گرد اپنی الگ الگ رفتار سے حرکت کرتے رہتے ہیں اور کم ہی ایسا ہوتا ہے کہ کچھ سیاروں کو ایک ساتھ آسمان پر دیکھاجاسکے۔ آج غروبِ آفتاب کے تقریباً 30 منٹ بعد سے لے کر ایک گھنٹے بعد تک 6سیارے ایک ساتھ دیکھنے کا وقت سب سے بہتر قرار دیا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








