کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گرگئی جس کے نتیجے میں اب تک 7 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں جمعہ کی صبح 5 منزلہ عمارت گرگئی جو مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے اور کئی زخمی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ عمارت گرنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جن کو ملبے نکالنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم موبائل سگنل بند ہونے سے ریسکیو سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے لیاری میں عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کیا، میئر کراچی نے کہا کہ عمارت گرنے سے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 8 افراد کو ملبے سے نکالا جاچکا ہے، 24 سے 25 افراد اس وقت ملبے تلے دبے ہیں۔
ریسکیو کا بتانا ہےکہ عمارت میں 6 خاندان رہائش پزید تھے اور ملبے تلے دبے مزید لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے، ہیوی مشینری سے ملبے کو ہٹانے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ گرنے والی عمارت کے ساتھ جڑی 2 اور 7 منزلہ عمارت کو بھی خالی کروالیا گیا ہے، ریسکیو حکام نے متاثرہ عمارت کی بجلی اور گیس کی لائنوں کو کاٹ دیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق راستوں کی بندش کے باعث بھی ہیوی مشینری کے پہنچنے میں تاخیر ہوئی تاہم حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔
ایس بی سی اے ذرائع کا بتانا ہے عمارت 30 سال پرانی اور بوسیدہ تھی، انتظامیہ نے عمارت کو مخدوش قرار دیا تھا جب کہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔
ایس بی سی اے کا کہنا ہےکہ شہر بھی میں 578 مخدوش عمارتیں موجود ہیں اور سب سے زیادہ مخدوش عمارتیں ضلع جنوبی میں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








