راولپنڈی کے تھانہ سول لائن کی حدود میں 8 سالہ بچہ مبینہ طور پر ڈاکٹر کے غلط انجیکشن لگانے کے باعث موت کے منہ میں چلا گیا۔
یہ افسوسناک واقعہ تھانہ سول لائن کے علاقے سکندر ٹاؤن میں پیش آیا جہاں بچے کی شناخت اویس کے نام سے ہوئی ہے۔ اویس کے بھائی حیدر کے مطابق اس نے گزشتہ روز شام کے وقت کوئی زہریلی چیز نگلی تھی۔
متوفی کے بھائی حیدر کے مطابق متوفی بچے 8 سالہ اویس نے شام ساڑھے 3 بجے کے وقت کوئی زہریلی چیز نگلی جس کے بعد اس کی حالت غیر ہونا شروع ہو گئی جسے ہم جلدی سے ڈاکٹر کے پاس لے گئے۔
حیدر کے مطابق راولپنڈی کے علاقے ممتاز مارکیٹ میں ڈاکٹر نے ایک ہزار روپے لے کر اویس کو انجیکشن لگا کر ہمیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ پریشانی کی کوئی بات نہیں۔
ڈاکٹر نے انجیکشن لگانے کے بعد کہا کہ بچے کو گھر لے جائیں، یہ ٹھیک ہوجائے گا، لیکن اویس کی حالت تیزی سے بگڑنے لگی اور شام ساڑھے 5 بجے کے وقت وہ فوت ہوگیا۔
8 سالہ بچے اویس کے بارے میں اس کے بھائی حیدر نے بتایا کہ اس نے شاید چوہے مار گولی نگل لی تھی جس پر ہم اسے ڈاکٹر کے پاس لے گئے لیکن غلط انجیکشن کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔