راولپنڈی: واہ کینٹ میں 15 سالہ مسیحی لڑکی سے 9 افراد نے اجتماعی زیادتی کر ڈالی جس کی حالت غیر ہوگئی جبکہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی کے لواحقین کو بھی دھمکیاں دی ہیں اور زدوکوب کیا۔
تفصیلات کے مطابق سرور مسیح اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ واہ کینٹ میں رہائش پذیر تھا جبکہ کاشف حسین شاہ نامی ملزم ان کے گھر آتا جاتا تھا۔ کاشف نے سرور مسیح کی 15 سالہ بیٹی سین کو شادی کا لالچ دے کر باہر گھمانے کے بہانے عامر خان نامی ایک اور ملزم کے گھر لے گیا۔
ذرائع کے مطابق کل 9 افراد جن میں ذیشان، کاشف شاہ، منصور خان اور بلال سمیت 9 افراد نے باری باری معصوم بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی جس کے بعد لڑکی کی حالت غیر ہوگئی جسے گھر پھینکنے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے اور سرور مسیح کے گھر اِس حادثے کے باعث قیامت ٹوٹ پڑی۔
لڑکی کا باپ سرور مسیح بیٹی کی حالت دیکھ کر پریشان تھا اور اسی دوران کاشف، عامر خان اور دیگر 4سے 5 ملزمان کے ساتھ سرور مسیح کے گھر داخل ہوا، انہوں نے لاتوں اور مکوں سے سرور مسیح کو بہت مارا اور دھمکیاں دیں کہ اگر اس بارے میں کسی اور کو بتایا تو تمہیں اور تمہاری بیٹی کو جان سے مار دیں گے۔
مدعی سرور مسیح نے واہ کینٹ چوکی نمبر 3 کے تھانے میں مقدمہ درج کرنے کیلئے درخواست دے دی جس پر پولیس نے میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی۔ پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ باقی 6 ملزمان کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
متاثرہ بچی کے والد سرور مسیح کے مطابق پولیس چند ملزمان کو تحفظ دے رہی ہے، پولیس نے 4 ملزمان کے نام ایف آئی آر میں درج ہی نہیں کیے۔ سرور مسیح نے کہا کہ ظالم درندوں نے میری بیٹی کی زندگی تباہ کردی، اگر مجھے انصاف نہ دیا گیا تو بیٹی کے ساتھ تھانے کے باہر جا کر خودکشی کر لوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: 5ہزارمیں بیوی فروخت،دوستوں کی 21 روز تک اجتماعی زیادتی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








