کراچی: علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ مارچ کے ابتدا میں سکھر، نوابشاہ اور مٹھی میں تاریخی عوامی اجتماعات ہوں گے، 23 مارچ کو مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام میں سنگین بددیانتی کی گئی ہے پھر بھی مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، نااہل نالائق حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام وڈا کیھر ضلع شکارپور کے زیراہتمام منعقدہ عوامی اجتماع سے جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے، جس کو نااہل، لائق، سلیکٹڈ لوگوں کے حوالے کرکے تباہی کے کنارے پر پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک تاریخ کے سب سے بدترین دور سے گذر رہا ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے، ملک میں خوشحالی کی ندیاں بہانے کا دعویٰ کرنے والے حکمرانوں نے عوام کو انڈوں،کٹوں، مرغیوں سے لنگر خانہ، چرس بھنگ سے گزار کر سکون صرف قبر میں ہے کے عظیم رہنما ء اصولوں سے متعارف کرنے کے سوا کیا دیا ہے؟
مولانا راشد محمود سومرو نے مزید کہا ہے کہ عمران خان کو گھر جانا ہوگا، مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پاکستان کی عوام اب بیدار ہوچکی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمرانوں نے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا، لیکن آج سندھ کے عوام کا حال یہ ہے کہ بھوک سے خودکشیاں کر رہے ہیں۔
محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے زمانے میں جو لوگ سائیکل پر گھومتے تھے آج انکے فارم ہاؤس پر موجود کتے بھی گوشت کھا رہے ہیں، سندھ حکومت 18ویں ترمیم اور NFC ایوارڈ کے ذریعہ وفاق سے تو فنڈ لے رہی ہے لیکن نچلی سطح پر فنڈز منتقل نہیں کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی بل بد دیانتی پر لایا گیا ہے، لیکن جمعیت علماء اسلام الیکشن میں سندھ کے نااہل حکمرانوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یکم مارچ سکھر، 2 مارچ نوابشاہ، 3 مارچ مٹھی تھرپارکر میں بہت بڑے عوامی اجتماعات ہونگے۔
مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمن اور سندھ حکومت کی کشیدگی کی خبریں من گھڑت ہیں، راشد سومرو
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








