ممبئی: بھارت میں اسلاموفوبیا کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، روز ایک کے بعد ایک واقعہ سامنے آرہا ہے ،حجاب کے حوالے سےتازہ ترین واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا جہاں بینک نے حجاب پہنی خاتون کو کیش دینے سے انکار کردیا۔
بھارت میں کئی روز قبل اسکول کی طالبات کے حجاب پر پابندی سے شروع ہونے والا معاملہ اب دیگر اداروں میں بھی پہنچ گیا ہے، اسلاموفوبیا کا تازہ ترین واقعہ بھارتی ریاست بہار میں پیش آیا جب ایک خاتون کیش لینے کیلیئے بینک گئیں تو بینک ملازم نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں حجاب کی وجہ سے کیش دینے سے انکار کردیا۔
اس حوالے سے متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ کیش لینے کے لیے بینک گئی تو کاؤنٹر پر بیٹھے بینک ملازم نے کہا کہ حجاب نہیں اتارو گی تو کیش نہیں ملے گا تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بینک اہلکار نے متاثرہ خاتون سے اپنے رویے پر معافی مانگی۔
دوسری جانب جب بینک کے اعلیٰ حکام نے متاثرہ خاندان کو ملازم کو فارغ کیے جانے کا پیغام دیا تو خاتون کے اہلخانہ نے بینک حکام سے اپیل کی کہ ملازم کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر نوکری سے فارغ نہ کیا جائے۔