بھارت کے لیجنڈ بلے باز سنیل گواسکر نے سابق کپتان ویرات کوہلی کو پاکستانی بلے باز جاوید میانداد جیسا کہہ دیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنیل گواسکر نے ویرات کوہلی کے ٹیسٹ کیریئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی بالکل جاوید میانداد جیسا بلے باز ہے۔
سری لنکا کے خلاف موہالی میں شروع ہونے والا میچ سابق بھارتی کپتان کا 100 واں ٹیسٹ میچ ہے، جس پر بھارتی بورڈ نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔
ویرات کوہلی کا 100 واں ٹسیٹ میچز مکمل ہونے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پر سنیل گواسکر کی ایک ویڈیو جاری کی گئی۔
ویڈیو میں بھارت کے لیجنڈ کرکٹر نے ویرات کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ کے سفر کا جائزہ لیا اور اس سے متعلق اپنے خیالات پیش کیے۔
سنیل گواسکر نے ویرات کوہلی کے اب تک کے ٹیسٹ کیریئر کی تعریف کی، اُن کی شاندار پرفارمنس اور گراؤنڈ میں جاوید میانداد جیسے رویے کا تذکرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوہلی اُن کامیاب بلے بازوں میں سے ایک ہے، جو اپنی حد میں رہتے ہوئے مقابل فاسٹ بولر کو اکسانا جانتا ہے تاکہ اس کے خلاف عمدہ پرفارمنس دکھا سکے۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ گراؤنڈ میں بالر کے خلاف ایسا ہی رویہ پاکستانی لیجنڈ بیٹر جاوید میانداد کا ہوتا تھا، وہ بولر کو اپنے حد میں رہ کر اکساتے تھے تاکہ وہ گیند بازی میں غلطی کرجائے۔