عمران نیازی دھمکیاں دینا بند کریں، شہبازشریف کی وارننگ

تازہ ترین

تازہ ترین

Shahbaz Sharif warned Imran Khan

لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر واپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں فضل الرحمان کے ساتھیوں اور کارکنوں پر تشدد کیا گیا،عمران نیازی دھمکیاں دینا بند کریں۔

اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے لاہورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرا دی ہے،اسپیکر 14 روز میں اسمبلی اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔

کروڑوں افراد کو ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا گیا،ہر روز پٹرول اور بجلی مہنگی ہو رہی ہے، لوگ اس بدترین حکومت سے نجات کیلئے دعائیں کر رہے ہیں، ان حالات میں ریاست مدینہ کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔

شہبازشریف نے کہا کہ آٹا، دال، چینی اور ادویات سمیت تمام اشیا کی قیمتیں آسمانوں پر ہیں، سلیکٹڈ میں عوامی مسائل حل کرنے کی اہلیت نہیں، یہ شخص ہر جگہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ غیرقانونی طریقے سے آئے، ہم آئینی طریقے سے بھیجنا چاہتے ہیں، میں نے اور میرے خاندان نے جیلیں کاٹی ہیں، عمران نیازی! بھگوڑے آپ ہونگے، ہم نے یہیں رہنا ہے۔

مزید پڑھیں:ایم این ایز و کارکنان رہا، مولانا فضل الرحمٰن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی

شہباز شریف نے کہا کہ جب ٹرمپ نے عمران نیازی کو فون کیا تو کہا میں دوسرا ورلڈکپ جیت کر آیا ہوں، انہوں نے کہا تھا مرجاؤں گا، آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، انہوں نے بلندوبانگ دعوے کیے تھے، ان کا دوغلا اور کھوکھلا پن ظاہر ہوچکاہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عوام کے پاس علاج کیلئے پیسے نہیں ہیں، کروڑوں افراد کو ایک وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا گیا۔

پارلیمنٹ لاجز میں فضل الرحمان کے ساتھیوں اور کارکنوں پر تشدد کیا گیا، عمران نیازی دھمکیاں دینا بند کریں، جب آئین اپنا راستہ اپنائے گا تو ان کی زبانوں کو تالے لگ جائیں گے، مشاورت کے بعد جو فیصلہ ہوگا وہ مانیں گے۔

Related Posts