اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سپر سونک فلائنگ آبجیکٹ کے ذریعے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج درج کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا اسلام آباد میں بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور بھارتی سپر سونک فلائنگ آبجیکٹ کے ذریعے ملکی فضائی حدود کی بلا اشتعال خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا کہ مذکورہ چیز 9 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے بجے بھارت کے علاقے سورت گڑھ سے پاکستان میں داخل ہوئی اور تقریباً 6 بج کر 50 منٹ پر پاکستان میں میاں چنوں شہر کے قریب زمین پر گر گئی جس سے شہری املاک کو نقصان پہنچا۔
بیان کے مطابق بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ فلائنگ آبجیکٹ کے ناقص تجربے سے نہ صرف شہری املاک کو نقصان پہنچا بلکہ زمین پر انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ اس کے علاوہ فلائنگ آبجیکٹ کی پرواز کے راستے نے پاکستانی فضائی حدود میں اڑنے والی کئی ملکی/بین الاقوامی پروازوں کو خطرے میں ڈالا جس کے نتیجے میں ہوا بازی کے سنگین حادثے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہو سکتی تھیں۔
بیان کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو کہا گیا کہ وہ پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی اصولوں اور ایوی ایشن سیفٹی پروٹوکول کے برعکس اس کی فضائی حدود کی صریح خلاف ورزی پر شدید مذمت بھارتی حکومت تک پہنچائیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ واقعات بھارت کی جانب سے فضائی حفاظت کو نظر انداز کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے تئیں بے حسی کے بھی عکاس ہیں۔
مزید پڑھیں: آج کوئی بیرونی طاقت ہم پردباؤ نہیں ڈال سکتی، وزیراعظم
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








