اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اتوار کو وفاقی دارالحکومت میں ہر قیمت پر امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (PDM) کو ہفتہ کو H-9 میں عوامی اجتماع کے انعقاد کی اجازت دی گئی تھی اور انہیں جگہ خالی کرنے کے لیے پہلے ہی نوٹس جاری کر دیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ سڑکوں کو بلاک کرنے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف (ایف آئی آر) درج کرنے کے علاوہ سخت کارروائی کی جائے گی۔”سری نگر ہائی وے کو عدالت عظمیٰ کی ہدایت پر کھلا رکھا جائے گا”۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ میں کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کھلا رہے گا اور وہ ذاتی طور پر تمام صورتحال کی نگرانی کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی اطلاع فون نمبر 0519206660 اور 0519218594 پر دی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ مانگنے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گینگ آف تھری اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم فاتح بن کر ابھریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لوٹی ہوئی رقم سے ارکان کے ضمیر خریدنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے نواز شریف کو مفرور قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف بھی بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ائیرپورٹ پر پکڑے گئے۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا تھا اور انہیں ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ہونے کی وجہ سے دبئی سے آتے ہی گرفتار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: نہ عمران خان جارہا ہے نہ کسی کا باپ اسے ہٹا سکتا ہے، پرویز خٹک
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








