الیکشن کمیشن کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کررہے ہیں، فواد چوہدری

تازہ ترین

تازہ ترین

الیکشن کمیشن کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کررہے ہیں، فواد چوہدری
الیکشن کمیشن کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کررہے ہیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ میں کوئی عہدہ لے لیں اور ہم الیکشن کمیشن کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نمائندگی نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ سے الیکشن کمیشن کے ممبر نثار درانی کے خلاف ریفرنس دائر کر رہے ہیں کیونکہ الیکشن کمیشن پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کے خلاف پارٹی بنا ہوا ہے۔

سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ سیاسی بحران کی بڑی وجہ الیکشن کمیشن کا غیر فعال ہونا ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو حق سے محروم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ آج ڈالر 190 روپے پر پہنچ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ دھمکیوں پر حکومت چلانے کی کوشش کررہے ہیں اور سیاسی قیادت کا چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد صفر ہو چکا ہے جبکہ الیکشن کمیشن پارٹی بنا ہوا ہے جس کا اظہار عمران خان بارہا کر چکے ہیں۔ اداروں کا فرض ہے معاشرے میں بیلنس قائم رکھیں۔

سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ 20 مئی سے پہلے الیکشن کرانے کا اعلان ہونا چاہیے۔ پاکستان کا سیاسی نظام لندن سے یرغمال ہے جبکہ پاکستان کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی بحران کا شکار کیا گیا ہے۔ جلسوں میں دیکھیں لوگ بہت زیادہ غصے میں ہیں۔

انہوں نے آصف علی زرداری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری ای سی ایل سے نام نکالنے سے پہلے ہی دبئی چلے گئے وہ بہت سارے بیگز کے ساتھ دبئی گئے ہیں۔ آصف زرداری کے بیگز میں کیا کیا تھا کچھ پتہ نہیں۔

Related Posts