کراچی، اورنگی ٹاؤن میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 ملزمان ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

شہرِ قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران 3 ملزمان کو ہلاک کردیا گیا۔ ملزمان نے موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس پر فائرنگ کردی تھی۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون میں 3 ملزمان پولیس پر گولیاں برسانے کے دوران اہلکاروں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔ مقابلے کے دوران ایک کمسن بچے اور پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:

بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلہ، 4ملزمان زخمی ہوگئے

تینوں ملزمان اسنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل پر سوار ہو کر بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے پائے گئے۔ پولیس نے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس پر پولیس کو جوابی کارروائی کرنی پڑی۔

کراچی پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان جائے وقوعہ پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس اہلکار اور بچے سمیت زخمی ہونے والے 3 افراد کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کراچی میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ ہورہا ہے۔ ملزمان دن دہاڑے شہریوں سے لوٹ مار، موبائل اسنیچنگ اور چھینا جھپٹی کی وارداتیں کرتے ہیں۔ پولیس کو جرائم کی بیخ کنی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ملزمان زخمی ہو گئے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو مشکوک سمجھتے ہوئے پوچھ گچھ کیلئے روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے گولیاں چلا دیں۔

 بھینس کالونی میں مارچ کے دوران مبیبنہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے 2 ساتھی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

Related Posts