مشہور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور معروف اداکار فہد مصطفیٰ کی آنے والی فلم قائداعظم زندہ باد کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
ریلیز کیے گئےٹریلر کا دورانیہ 2 منٹ 34 سیکنڈ کا ہے۔ جو ایکشن سے بھرپور ہے اس میں فہد مصطفیٰ ایک پولیس افسرکا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جو پہلے خود رشوت لیتا ہے اور بعد میں ایماندار ہوجاتا ہے۔ ٹریلر میں ماہرہ خان کا کردار واضح نہیں کیا گیا اس بارے میں فلم کے ہدایت کار نبیل قریشی کا کہنا ہے کہ جب آپ فلم دیکھیں گے تو سمجھ جائیں گے کہ ماہرہ خان کا کرداربہت اہم ہے۔
فلم قائداعظم زندہ باد کے ٹریلر لانچ کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ جس میں فلم کی مرکزی کاسٹ فیصل قریشی، ہمایوں سعید، سمیع خان، ہدایت کار ندیم بیگ سمیت شوبز کی دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ فلم سائن کرنے کی بڑی وجہ فلم کی کہانی تھی جس سے وہ بہت متاثر ہوئیں کیونکہ یہ حقیقت سے ملتی جلتی ہے۔
اس دوران فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ یہ فلم میرے کیریئر کی سب سے اچھی اور بڑی فلم ہے اور میرے والد کو بھی ایسا ہے لگتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں لوگ کچھ ٹیمز سے یہ امید لگاتے ہیں کہ وہ اچھی فلمیں بنائیں، ان پر ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔
یاد رہے کہ فلم گزشتہ برس ریلیز ہونی تھی مگر کورونا کے باعث سینما گھروں کی بندش کی وجہ سے فلم کو ریلیز کرنے میں تاخیر کی گئی۔ اب یہ فلم عید الضحیٰ پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








