کراچی:قومی فاسٹ بولر فاطمہ ثناء کا برمنگھم میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی پر کہنا تھا کہ مجھے انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنا پسند ہے، اپنے پسندیدہ بولرز کو ان پچز پر کھیلتے ہوئے دیکھا ہے۔
فاطمہ ثناء نے ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنا پسند ہے، اپنے پسندیدہ بولرز کو ان پچز پر کھیلتے ہوئے دیکھا ہے، مجھے بھی اب ان کنڈیشنز اور پچز پر بولنگ کروانے کا موقع ملے گا، کوشش ہوگی کہ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کروں۔
فاطمہ ثناء نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے ویمنز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر 2021 کی کیپ وصول کی ہے۔انہوں نے گزشتہ برس آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 24 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
اسی کارکردگی کی بناء پر انہیں آئی سی سی نے 2021 ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا تھا۔یادر رہے کہ فاطمہ ثناء یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی ویمن کرکٹر ہیں۔
فاطمہ ثناء انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن کی بولنگ سے متاثر ہیں اور ان کی ویڈیوز دیکھ کر تیز بولنگ کرنے کا فن سیکھا۔پاکستانی فاسٹ بولر ابتداء میں اکیڈمیز کی جانب سے کھیلتی رہیں پھر کراچی میں پی سی بی کی جانب سے انڈر-17 کا کیمپ لگایا گیا، ٹرائلز میں منتخب ہوئیں پھر کراچی ریجن کی جانب سے 2015 تا 2017 تک کھیلتی رہیں۔
20 سالہ فاسٹ بولر فاطمہ ثناء کا تعلق کراچی سے ہے، انہیں بھائیوں کو کرکٹ کھیلتا دیکھ کرکٹر بننے کا شوق پیدا ہوا۔میرے ایک بھائی انڈر-19 کرکٹر تھے، وہ مجھے اپنے ساتھ محلے اور گلیوں میں کرکٹ کھلایا کرتے تھے،وہ ہر جگہ میری بھرپور حوصلہ افزائی کرتے،سڑکوں پر کھیلنے کی وجہ مجھے بہت اعتماد ملا،بھائی کی خواہش تھی کہ میں جلد پاکستان ٹیم میں شامل ہوجائیں۔
اس حوالے سے انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کی جانب سے انڈر 17 کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، اس وقت ٹیم میں ساری لڑکیاں ہی نئی تھیں تو اس وقت مجھے اپنی پرفارمنس کا اندازہ نہیں ہوتا تھا لیکن جب ٹرائنگولر کپ میں شرکت کی، جس میں پاکستان بھر سے ویمنز پلیئرز نے حصہ لیا تھا، تو اس دوران سینئر پلیئرز نے میری پرفارمنس کو سراہا۔
اس ایونٹ سے میں نے بہت کچھ سیکھا پھر 2019 میں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا میں اس سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں تھی لیکن ان کے ساتھ نیٹ پریکٹس کرنے سے بہت زیادہ اعتماد ملا۔
انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کیخلاف میچ میں 5 وکٹیں لینا میرے لیے یادگار لمحہ ہے، کوشش یہی ہوگی کہ مستقبل میں بھی اسی طرح بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کروں۔
مزید پڑھیں:نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








