کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات، این اے 245 پر ضمنی انتخاب ملتوی

تازہ ترین

تازہ ترین

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات جبکہ کراچی کے این اے 245 پر ہونے والا ضمنی الیکشن ملتوی کردیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ اور این اے 245 کا ضمنی انتخاب ملتوی کردیا گیا۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے کراچی اور حیدرآباد سمیت 16 اضلاع میں 24 جولائی کو پولنگ ہونی تھی جبکہ این اے 245 کراچی میں ضمنی انتخاب 27 جولائی کو شیڈول تھا۔ اب ضمنی انتخاب 21 اگست جبکہ بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کیلئے متعدد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں انتخابات کے التواء کیلئے مختلف وجوہات بیان کی گئی تھیں، جن میں کرونا، مون سون بارشیں، محرم الحرام اور دیگر شامل تھیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ممکنہ بارشوں اور خراب موسم کے باعث ملتوی کردیا گیا ہے، اب بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 28 اگست 2022ء کو منعقد ہوگی۔

ترجمان کے مطابق محرم الحرام اور موسم کی صورتحال کے باعث این اے 245 کراچی کا الیکشن بھی ملتوی کردیا گیا جو اب 21 اگست 2022ء کو منعقد ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اور ضمنی الیکشن کے التواء کا فیصلہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی رپورٹ، عوام کی درخواستوں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹ پر کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کروانے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سندھ کے بلدیاتی نظام میں ترامیم، نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں پر اعتراض اٹھایا تھا۔

سندھ کے 14 اضلاع میں پہلے مرحلے کیلئے پولنگ جون کے آخری ہفتے میں ہوئی تھی، جس میں پیپلزپارٹی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں ہفتہ 23 جولائی سے پیر 25 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

بارشوں کی پیشگوئی کے باعث الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت پریشان تھی اور بارشوں کے نتیجے میں کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔

Related Posts