کراچی: برطانوی خاتون کوہ پیما نے پاکستان میں تاریخ رقم کردی ہے۔ ایڈریانا بواؤنلی نے بدھ کے روز پاکستان میں 8051 میٹر بلند براڈ پیک سر کرکے 8000میٹر سے زائد بلندی کی 9چوٹیاں سر کرنے والی سب سے کم عمر کوہ پیما بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں نانگا پربت کو سر کرنے والی 21سالہ کوہ پیما ایڈریانا براؤنلی نے بدھ کی صبح دنیا کے 12ویں بلند ترین پہاڑ کی چوٹی پر قدم رکھ دئیے۔
برطانوی خاتون کوہ پیما ایڈریانا نے 8000 میٹر سے زائد کی نویں چوٹی سر کرکے اہم اعزاز اپنے نام کیا جبکہ پاکستان کے شہروز کاشف عمر کے حساب سے ایڈریانا سے ایک سال چھوٹے ہیں۔
تاحال شہروز کاشف نے 8000میٹر سے زائد کی 8 چوٹیاں سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے جبکہ ان کا مشن تاحال جاری ہے۔ پاکستانی و برطانوی کوہ پیما 8000 میٹر سے زائد کی تمام 14 چوٹیاں سر کرنا چاہتے ہیں۔
موجودہ طور پر یہ ریکارڈ نیپال کے منگما ڈیوڈ گیابو کے پاس ہے جن کو منگما جی کہا جاتا ہے۔ انہوں نے 30 سال اور 166روز کی عمر میں 8000 میٹر سے زائد کی تمام 14چوٹیاں سر کیں۔
قبل ازیں برطانوی کوہ پیما ایڈریانا ماؤنٹ ایوریسٹ، لوٹسے، مکالو، دھولا گیری، مناسلو، اناپورنا اور نانگا پربت سمیت 8 چوٹیاں سر کرچکی ہیں جبکہ اعزازات اپنے نام کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔