سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کا آخری روز، قومی ٹیم وطن واپسی کیلئے آج روانہ ہوگی

تازہ ترین

تازہ ترین

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کا آخری روز، قومی ٹیم وطن واپسی کیلئے آج روانہ ہوگی
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کا آخری روز، قومی ٹیم وطن واپسی کیلئے آج روانہ ہوگی

گال کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز کا کھیل جاری ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم وطن واپسی کیلئے آج روانہ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا نے پاکستان کو جیتنے کیلئے 508 رنزکا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں قومی ٹیم تاحال 200 رنز کا ہندسہ ہی عبور کرنے میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ چکی تاہم کپتان بابر اعظم نے بیٹنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان کو سری لنکا کیخلاف دوسرا ٹیسٹ جیتنے کیلیے 359 رنز درکار

آج پاکستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق 46 رنز کے ساتھ کھیل رہے تھے جبکہ ٹیم کا مجموعی اسکور 89 تھا۔ 97 رنز کے مجموعی اسکور پر امام الحق 49 رنز بنا کر رمیش مینڈس کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے، تاہم کپتان بابر اعظم نے اپنی ففٹی مکمل کر لی۔

بعد ازاں محمد رضوان بھی 37 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ فواد عالم اور آغا سلمان بالترتیب 1 اور 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 5 وکٹس کے نقصان پر 188 رنز بنا لیے تھے جس کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو کپتان بابر اعظم نے اسکور کو آگے بڑھایا۔

اب تک 65 اوورز کے کھیل میں پاکستان نے 5 وکٹس کے نقصان پر 205 رنز بنائے ہیں۔ کپتان بابر اعظم سری لنکا کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں تاہم تماشائیوں کی میچ میں جیت کی امیدیں دم توڑتی نظر آتی ہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 جبکہ دوسری میں 360رنز بنائے۔

سری لنکا کا دورہ آج ہی اپنے اختتام کو پہنچے گا جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم وطن واپسی کیلئے سفر کا آغاز کرے گی۔ پاکستان کے کھلاڑی آج رات براستہ مالدیپ اور دبئی سے اپنے اپنے اسٹیشنز پر روانہ ہوں گے۔ اسکواڈ کے اراکین کل صبح اسٹیشنز پر پہنچ جائیں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی آئندہ سیریز نیدر لینڈ کے خلاف ہوگی جہاں 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا آغاز آئندہ ماہ ہوگا جبکہ اگست کے دوسرے ہفتے ہی قومی اسکواڈ روانہ ہوجائے گا۔ پاکستان اور نیدر لینڈ اپنے میچز 16، 18 اور 21 اگست کو کھیلیں گے۔ 

Related Posts