سندھ میں کے مختلف شہروں حیدرآباد، میرپورخاص، بدین، عمرکوٹ اور گرد و نواح میں مون سون کے چوتھے اسپیل کا آغاز آج سے گرج چمک بارش کے ساتھ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی آج سے بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ شہر میں 8 اگست تک ہلکی اور درمیانی جبکہ 10 سے 15 اگست کے دوران تیز بارش کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ کی طرح صوبہ بلوچستان کے مختلف شہروں میں بھی ایک بار پھر بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بارش سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے آج رات سے مشرقی بلوچستان میں سیلابی صورتِ حال کی وارننگ جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 9 اگست تک کشمیر، اسلام آباد اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے کا خطرہ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ہے۔