طالبان حکومت کے زیر انتظام افغانستان کے مختلف حصوں میں گرلز میڈیکل کالجوں کے داخلے شروع ہوگئے، سینکڑوں طالبات نے داخلوں کے امتحانات میں شرکت کی۔
افغان وزارت اطلاعات کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں افغان صوبوں ننگرھار، کنڑ، لغمان اور نورستان میں گرلز میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ٹیسٹس کا انعقاد کیا گیا، جن میں 800 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔
افغان وزارت اطلاعات کے بیان کے مطابق افغانستان میں تعلیمی اداروں کے سالانہ داخلہ ٹیسٹ مختلف مراحل میں کئی کئی صوبوں میں اکٹھے ہوتے ہیں۔
بیان کے مطابق گذشتہ سال بھی طالبان نے آتے ہی اقتدار کے ابتدائی دنوں میں فوری طور پر ٹیسٹوں کا انعقاد کروایا تھا تاکہ طلبہ و طالبات کا تعلیمی سال ضائع نہ ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال سلگی باران نامی ایک بچی نے پورے ملک میں میڈیکل کے داخلہ ٹیسٹ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی، جسے ترکیہ کی حکومت نے اسکالرشپ پیشکش کی اور وہ مزید تعلیم کے لیے استنبول چلی گئی۔
خیال رہے کہ طالبات کے میڈیکل کالجوں کے داخلہ امتحانات کی یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب طالبان حکومت پر الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ اس نے آتے ہی لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس مسئلے کو لیکر مغربی حکومتیں اور امدادی ایجنسیاں مسلسل طالبان حکومت پر دباؤ ڈال رہی ہیں۔