سندھ حکومت ٹینٹ سٹی قائم کرکے سہولتیں دینا بھول گئی، متاثرین بے یار و مددگار

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی کے مضافات میں نیشنل ہائی وے سٹی ٹول پلازا کے قریب سندھ حکومت کی جانب سے سندھ کے مختلف اضلاع کے سیلاب متاثرین کیلئے قائم کردہ ٹینٹ سٹی (خیمہ بستی) میں تا حال کسی قسم کی سہولت اور امداد کا انتظام نہیں کیا جا سکا ہے، جس کے باعث یہاں پناہ گزیں ہزاروں متاثرین انتہائی کس مپرسی کی صورتحال سے دوچار ہیں۔

ایم ایم نیوز کی ٹیم نے گزشتہ دنوں سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ قائم کردہ اس ٹینٹ سٹی کا دورہ کیا اور کیمرے کی آنکھ سے متاثرین کی حالت زار  اور متاثرین کی زبانی ان کی داستانِ الم سامنے لے آئی۔

اس موقع پر متاثرین نے بتایا کہ سندھ حکومت بلند بانگ دعووں کے ساتھ ہمیں یہاں لائی تھی، ہمیں بتایا گیا تھا کہ یہاں ہر سہولت موجود ہے، مگر یہاں آکر پتا چلا کہ سوائے خیموں کے یہاں کوئی بھی سہولت موجود نہیں ہے۔

متاثرین کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے متاثرین کیلئے پینے اور استعمال کیلئے پانی تک فراہم نہیں کیا گیا ہے، آئے دن خواتین، بچے اور بوڑھے مختلف بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں مگر ان کے علاج معالجے کیلئے کسی قسم کی دوا یا ڈاکٹر میسر نہیں ہے۔

متاثرین نے بتایا کہ سہولتوں اور بنیادی ضرورت کی اشیاء کے فقدان کے باعث متاثرین انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں۔ جب سے وہ یہاں آئے ہیں کسی نے بھی پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا۔ بچے سارا سارا دن بھوکے روتے اور بلکتے رہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

کراچی میں سیلاب متاثرین کے لیے خیمہ بستی قائم کردی گئی

متاثرین نے ایک اور تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ خیمہ بستی میں آئے دن سانپ اور بچھو نکل آتے ہیں، جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور ہر وقت ان موذی حشرات کے کاٹنے کا دھڑکا لگا رہتا ہے، موذی حشرات سے تحفظ اور کاٹنے کی صورت میں علاج کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے، جس کی وجہ سے متاثرین عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

متاثرین کے مطابق سندھ حکومت نے صرف خیمے لگا کر ہمیں یہاں مکمل طور پر بے یار و مدد گار اور حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ایم ایم نیوز سے بات چیت کے دوران کچھ متاثرین کی آنکھیں نم آلود ہوگئیں اور کچھ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس بدترین حالت میں قید کرنے سے بہتر ہے سندھ حکومت بم مار کر ہم سب کو ایک ہی بار ختم کردے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے اواخر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی کے مضافات میں خیمہ بستی (ٹینٹ سٹی) قائم کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 1300 متاثرہ خاندانوں کیلئے قائم اس خیمہ بستی میں متاثرین کو تمام سہولتیں اور ضروریات سندھ حکومت فراہم کرے گی، تاہم کئی دن گزرنے کے باوجود یہاں حکومت کی جانب سے کوئی سہولت ملتی نظر نہیں آتی، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سندھ حکومت ٹینٹ سٹی قائم کرکے ڈونرز سے امداد سمیٹنے میں مصروفیت کے باعث اس خیمہ بستی اور یہاں پڑے ہوئے ہزاروں متاثرین کو مکمل طور پر بھول گئی ہے۔  

Related Posts