اسلام آباد : چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی نے بتایا کہ حکومت نے پرائیوٹ سیکٹر کی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر اسکول میل پروگرام شروع کیا ہے جسے جلد ہی پورے خطے تک پھیلا دیا جائے گا۔
چیف سیکریٹری کے مطابق اس مشکل دور میں یہ پروگرام وقت کی اشد ضرورت تھی کیونکہ زیادہ تر لوگ متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور اُن کیلئے اپنے اخراجات پورے کرنا بہت زیادہ مشکل ہے اور اسی لئے حکومت نے یہ پروگرام شروع کرنے کافیصلہ کیا ہے جس سے انھیں اپنے مالی بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو خصوصی تعلیم کے اسکولوں تک بڑھایا گیا ہے جس میں معذور طلباء کو متوازن خوراک فراہم کی جائے گی اور اُن کی صحت کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائیگی۔
پروگرام کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ اسکول میل پروگرام کے تحت بچوں کو نہ صرف صحت مند بنانے پر توجہ دی جائے گی بلکہ انھیں روزمرہ کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے صحت مند بھی بنایا جائے گا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسکول کے بچوں کو مفت کھانا فراہم کرنے سے اُن کے والدین کو انھیں اسکول بھیجنے کی ترغیب ملے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








