اسلام آباد: ایف بی آر نے آئندہ 3 ماہ کیلئے ٹیکس وصولی کا ہدف 2 ہزار 36 ارب جبکہ رواں ماہ اکتوبر کیلئے 534 ارب مقرر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابقایف بی آر نے رواں سہ مالی (اکتوبر تا دسمبر) کیلئے 33اعشاریہ 7 فیصد ریونیو گروتھ کا ہدف مقرر کرتے ہوئے رواں ماہ کیلئے 19.6 فیصد شرحِ نمو کاتعین کیاہے، جس کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی گئیں۔
حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دوسری سہ ماہی کیلئے 2 ہزار 36ارب کا ٹیکس وصولی کا جو ہدف مقرر کیا ہے، اس کیلئے رواں سہ ماہی میں 33اعشاریہ 7فیصد شرحِ نمو کی ضرورت ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1523ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوا تھا۔
ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو کی مد میں ٹیکس وصولی کا ہدف 1744ارب، انکم ٹیکس کی مد میں 910.6ارب، بالواسطہ ٹیکس میں سے سیلز ٹیکس کی مد میں 728.4ارب، ایف ای ڈی کی مد میں 105.6ارب روپے مقرر کیا ہے۔ حکام پر امید ہیں کہ رواں سہ ماہی کے اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس اسی سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سہ ماہی کے دوران مقرر کیا گیا ہدف مقابلتاً 33.7فیصد زائد ہے جس کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافے سمیت دیگر اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اکتوبر کیلئے ہدف 534ارب رکھا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








