ٹی 20 ورلڈ کپ کا دوسرا سیمی فائنل، بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے آج ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

ایڈیلیڈ: آسٹریلیا میں جاری ٹی 20 ورلڈ کپ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا، آج ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم گزشتہ روز نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنانے والی ورلڈ کپ کی پہلی ٹیم بن گئی۔ آج انگلینڈ یا بھارت میں سے کوئی ایک ٹیم پاکستان کے خلاف فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں:

تنقید کرنے والے انجوائے کریں، ہم فائنل میں پہنچ چکے، بابر اعظم

اتوار کے روز آج کی سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم پاکستان کا سامنا کرے گی تاہم فائنل کے روز میلبرن میں بارش کی پیشگوئی سے کرکٹ شائقین کی امیدوں پر اوس بھی پڑ سکتی ہے تاہم آج کے میچ میں ایسا کوئی امکان نہیں۔

آسٹریلین ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایڈیلیڈ میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جنوب مشرق سے 15 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی جبکہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔

کینگروز کی سرزمین آسٹریلیا کے مقامی وقت کے مطابق میچ کا آغاز شام 6بج کر 30 منٹ پر ہوگا جب بارش کے امکانات انتہائی کم بتائے گئے ہیں تاہم آسمان پر بادل چھائے رہنے کے امکانات واضح ہیں۔

بھارت اور انگلینڈ کے مابین ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میچ میں بھارت کو فیورٹ ٹیم قرار دیا جارہا ہے جبکہ انگلینڈ ٹیم نے بھی اب تک کھیلے گئے 5 میچز میں سے 3 جیت کر 7 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کا پلڑا انگلینڈ پر بھاری اس لیے قرار دیا جارہا ہے کیونکہ بھارت نے اپنے 5 میچز میں سے 4 جیت کر 8 پوائنٹس حاصل کیے۔ گروپ 1 میں انگلینڈ دوسرے نمبر پر ہے تاہم بھارت گروپ 2 میں اوّل نمبر پر ہے۔

Related Posts