راولپنڈی: نئے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کو تعینات کردیا گیا ہے، چیف آف آرمی اسٹاف کیلئے کمان تبدیلی کی تقریب آج ہوگی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف کو سونپ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کمان تبدیلی کی تقریب آج صبح 9 بجے منعقد ہوگی۔ تقریب میں نئے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کو پاک فوج کی سربراہی کی کمان سونپی جائے گی۔
پاک فوج پر سیاست کی وجہ سے تنقید ہوئی۔ آرمی چیف
ریٹائر ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کمانڈ کی چھڑی نئے آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر کے حوالے کردیں گے۔ جی ایچ کیو میں ہونے والی تقریب میں سابق عسکری قیادت شریک ہوگی۔
تقریب میں تمام مسلح افواج کے سربراہان، اعلیٰ سول و عسکری قیادت، وفاقی وزراء، سفارت کار اور صحافیوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ جنرل عاصم منیر کمانڈ سنبھالنے والے 17ویں آرمی چیف ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کو سیاست میں اپنے تاریخی کردار کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ہم نے فوج کے کردار کو غیر سیاسی بنانے کا فیصلہ کیا۔
گلف نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ قومی فیصلہ سازی میں غالب کھلاڑی کے طور پر سامنے آئی۔ ہم نے فوج کے کردار کو غیر سیاسی بنانے کا فیصلہ کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








