ترکیہ میں 6 فروری کے تباہ کن زلزلہ کے بعد 20 فروری کی شام پھر زلزلے کے دو جھٹکوں نے بھونچال پیدا کردیا۔ نئے زلزلے کے دوران براہ راست نشریات میں کیمروں کے سامنے ترک رکن پارلیمان کے شرمناک لمحات سامنے آگئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زلزلہ کا احساس ہوتے ہی رکن پارلیمنٹ نشریات چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔
ترک رکن پارلیمان لطفی خاشقجی ’’انطاکیہ/ حطائے‘‘ میں ترک ٹی وی چینل کو براہ راست انٹرویو دے رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے زمین کو ہلتے ہوئے محسوس کیا تو وہ اتنے خوفزدہ ہوئے کہ سارے آداب چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔ انہیں براہ راست بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔
لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ لطفی خاشقجی رپورٹر کو وہ کام بتا رہے تھے جو حکام نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے کے لیے کیے ہیں ۔ ترک حکام نے اعلان کیا ہے کہ 20 فروری پیر کی شام نئے زلزلے میں 3 افراد جاں بحق اور 294 زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے 18 کی حالت تشویشناک ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








