شہرِ قائد کے علاقے کاغان سوسائٹی میں سچل پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمی ہونے والے ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ہے جو اسٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح پولیس نے اسکیم نمبر 33 میں شامل کاغان سوسائٹی سرسیّد چوک کے قریب 2 ڈاکوؤں کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا۔ زخمی ڈاکوؤں کو پولیس نے اپنی نگرانی میں ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا۔
گجرانوالہ میں پرانے کپڑوں کے بازار میں آگ لگ گئی
سچل پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکوؤں کی شناخت کر لی گئی ہے جن میں 22 سالہ محمد فاروق ولد حبیب اللہ اور 24سالہ محمد حسنان ولد عبدالغفار شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقد رقم اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 5 چھینے گئے موبائل فونز اور 2 ٹی ٹی پستول بھی برآمد ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اسٹریٹ کرائمز کی درجنوں وارداتیں کیں جن میں چھینا جھپٹی اور اسلحہ دکھا کر لوٹ مار شامل ہے۔
خیال رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں چھینا جھپٹی اور دن دہاڑے ڈکیتی روز کا معمول بنتا جارہا ہے۔ ایک روز میں 50 سے 80 اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہوتی ہیں۔ گھروں میں گھس کر بھی شہریوں کو لوٹا جارہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








