اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے چیف جسٹس، جسٹس عمر عطا بندیال 10 سے 12 مارچ تک بھارت میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کی سپریم کورٹس کے چیف جسٹسز کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا ایک فعال رکن ملک ہے اور اس کی سرگرمیوں میں باقاعدگی سے حصہ لیتا ہے، اور ہمیشہ تنظیم کے معاملات میں شامل رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر، چیف جسٹس آف پاکستان مقررہ تاریخوں پر اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے،
محترمہ بلوچ نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپنے بھارتی ہم منصب کو اجلاس میں عدم شرکت کے بارے میں باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔
تاہم اس سوال پر کہ کیا وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اگلے ماہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس میں شرکت کریں گے، ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ زیر غور ہے اور جب یہ فیصلہ ہو گا ہم اسے سب کے ساتھ شیئر کریں گے۔
یاد رہے کہ میزبان ملک بھارت نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو رواں سال مارچ اور مئی کے وسط میں بالترتیب شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت ملاقاتوں کے لیے مدعو کیا تھا۔
مزید پڑھیں:بلوچستان ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے
اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی بھارت کرے گا جس میں روس، چین، بھارت، پاکستان، ایران اور وسطی ایشیائی ریاستیں شامل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








