ہمیشہ یہی سنا ہے کہ اگر انسان میں سچی لگن اور جستجو ہو توکوئی بھی کمزوری یا محتاجی اس کے راستے میں رکاوٹ نہیں بنتی، اس کی روشن مثال کے علاقے ملیر میں نابینا سلائی مشین مکینک محمد راشد کی صورت میں موجود ہے۔
محمد راشد نابینا ہونے کے باوجود گزشتہ 30 سال سے ملیر لیاقت مارکیٹ میں سلائی مشین کی مرمت کا کام کررہے ہیں اور لوگ ان کی اس صلاحیت سے بہت متاثر ہوتے ہیں۔
ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو میں محمد راشد نے بتایا کہ وہ پیدائشی نابینا نہیں تھے بلکہ بچپن میں لگنے والی ایک بیماری کی وجہ سے نابینا ہوگئے تھے۔ چونکہ محمدراشد کا تعلق متوسط گھرانے سے تھا اس لئے اُن کے والدین اٗن کا بہتر علاج نہیں کرواسکے۔
محمد راشد کے والد شروع سے ہی سلائی مشین کی مرمت کا کام کرتے تھے اور اُنہوں نے ہی محمد راشد کو اس کام کی تربیت دی۔شروعات میں محمد راشد کو اس کام میں بہت دشواریاں پیش آئیں، بعض اوقات ہاتھ بھی بری طرح زخمی ہوجایا کرتے تھے لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آج وہ اس کام میں مکمل ماہر ہوچکے ہیں۔
محمد راشد نے بتایا کہ وہ کسی بھی قسم کی سلائی مشین کی باآسانی مرمت کردیتے ہیں ، اُن کے پاس کراچی کے علاوہ دیگر شہروں سے بھی لوگ سلائی مشینیں مرمت کروانے کیلئے لاتے ہیں اور چونکہ اب انٹرنیٹ کا دور ہے تو اب کچھ لوگ بائیکیا کے ذریعے بھی سلائی مشین بھجواتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں لوگوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ انسان کو کبھی ناامیدی کا شکار نہیں ہونا چاہئیے بلکہ ہمیشہ اپنے حوصلوں کو بلند رکھنا چاہئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








