تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 9 ویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 9 سال کے بعد بھی شہداء کے ورثاء انصاف مانگ رہے ہیں، سانحہ کی تفتیش کرنے والی جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روکا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر جانبدار تفتیش سے ہی انصاف ملنے کا عمل شروع ہو گا۔ غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تفتیشی رپورٹ سے حقائق سامنے آئیں گے۔ ہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کا قانونی پراسیس چاہتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی آخری جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے حکم پر بنی تھی جس پر طویل عرصے سے سٹے چل رہا ہے۔ ہماری چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ وہ اس پر فیصلہ کریں تاکہ انصاف کا عمل آگے بڑھ سکے۔
یہ بھی پڑھیں:
حریم شاہ نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی نا زیبا تصویریں لیک کر دیں
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لارجر بنچ کے رُوبرو ہم نے کمٹمنٹ دی تھی کہ ہم حصول انصاف کیلئے عدالتی کارروائی کا حصہ بنیں رہیں گے، ہم اپنا عہد نبھا رہے ہیں اور انصاف کی امید رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 17 جون 2014ء کے دن نہتے کارکنان کیساتھ ظلم ہوا۔ کارکنان پر بلااشتعال بہیمانہ تشدد کیا گیا اور خواتین سمیت 14 کارکنوں کو شہید کیا گیا، 17 جون کے ظلم کو نہیں بھول سکتے، قانون کے مطابق انصاف چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات مزید بلند فرمائے اور ورثاء کو استقامت عطا کرے۔ ہم اپنے شہداء اور ان کے ورثاء کیساتھ کھڑے ہیں اور حصولِ انصاف تک ان کیساتھ کھڑے رہیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








