اسلام آباد: یونان میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب جانے کے باعث درجنوں پاکستانیوں کے انتقال پر آج سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا، ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رواں ماہ یونان کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی کشتی پر 310پاکستانیوں سمیت 750افراد سوار تھے۔ 12 پاکستانیوں سمیت 104مسافر ریسکیو کر لیے گئے۔
پاکستانیوں کو کشتی کے نچلے حصے میں جانے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف
سمندر سے 78تارکینِ وطن کی میتیں برآمد کی گئیں۔ 500 مسافر تاحال سمندر میں لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر میں انتقال کر جانے والوں کی یاد میں یومِ سوگ منایا گیا۔
آزاد کشمیر کابینہ کے فیصلے کے تحت گزشتہ روز آزاد کشمیر کا پرچم بھی سرنگوں رہا۔ صدرِ مملکت اور وزیر اعظم شہباز شریف نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کا شکنجہ تنگ کرنے کا حکم دے دیا اور گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کو قرارواقعی سزا دینے کی ہدایت کی۔
واقعے کے باعث دیارِ غیر میں روزگار کی امید لیے درجنوں پاکستانی منوں مٹی تلے جا سوئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یونان میں کشتی اُلٹنے کے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








