سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ قرآن کی بے حرمتی کرنے والا دنیا کے جس حصے میں بھی ہو ہم بدلہ لیں گے، تم نے ہماری سرخ لکیر کو کراس کیا ہے۔
سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میں امریکا کو بتانا چاہتا ہوں کہ تم نے نام نہاد دہشتگرد کا نعرہ لگا کر مسلمانوں کے خلاف اشتعال پیدا کیا اور اسلام کو ختم کرنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں:
شرح سود میں اضافہ، سراج الحق کی مولانا فضل الرحمن پر تنقید
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے چہرے سے لبرازم کا نقاب اتر چکا ہے، تم مسلمان کو برداشت نہیں کرسکتے، تم نے ہماری سرخ لکیر کو کراس کیا ہے، ہم مزید اس قسم کی حرکات کو برداشت نہیں کریں گے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ مغربی دنیا کچھ بھی کرلے اسلام کو کبھی ختم نہیں کرسکتی، امریکہ کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ اسلام کو ختم کرنے منصوبے نہ بنائے، اسلام بھی رہے گا، قرآن بھی رہے گا اور رسول اللہ کا نام بھی رہے گا، ہم نے دنیا کو اس طرف آگے بڑھنے سے روکنا ہے، اگر تم نہ رکے تو دنیا کے کسی بھی حصے میں ہو ہم بدلہ لیں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، نبی کی ناموس ہو یا قرآن پر حملہ امت مسلمہ اپنے اوپر جنگ سمجھتی ہے، مسلمان اگر بپھر گئے تو دنیا میں قرآن کی توہین کرنے والوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی، ہم قرآن کریم پر ایمان رکھتے ہیں، یہ اللہ کی کتاب ہے، حضور کریم کو ہم اپنا پیغمبر سمجھتے ہیں تو حضرت عیسی کو بھی پیغمبر مانتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








