ترک نائب صدر جودت یلماز پاکستان کے 2 روزہ دورے کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ترکی کے نائب صدر جودت یلماز پاک ترکی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کا 2 روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کراچی ائیرپورٹ پر آمد کے موقعے پر دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف 1 روزہ دورے کیلئے آج کراچی پہنچیں گے جبکہ ترکی کے نائب صدر کو پاکستان آمد کے موقعے پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے سندھ کی روایتی تحفہ اجرک بھی پہنائی۔
آج وزیر اعظم شہباز شریف اور ترک نائب صدر کراچی شپ یارڈ میں ہونے والی تقریب کا حصہ بنیں گے جبکہ پی این ایس طارق کی لانچنگ تقریب میں وفاقی و صوبائی وزرا کی بھی شرکت متوقع ہے۔
پاکستان میں تیار شدہ دوسرا ملگیم کلاس کورویٹ پی این ایس طارق لانچ کیا جارہا ہے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین دفاع سمیت مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








